پیرس: وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مسٹر شفقت محمود کو آج یونیسکو ہیڈ کوارٹر پیرس میں متفقہ طور پر بطور صدر ایجوکیشن کمیشن منتخب کر لیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور صدر ایجوکیشن کمیشن میرا انتخاب پاکستان کے لیے اعزاز کا مقام ہے اور یہ یونیسکو کی جانب سے تعلیم کے میدان میں پاکستان کے عزم کا اعتراف ہے۔
وفاقی وزیر نے بطور صدر ایجوکیشن کمیشن کہا کہ وہ تعلیم، سائنس اور ثقافت کے شعبہ کے ذریعے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ امن قائم کرنے اور اقوام متحدہ کے ایجنڈا 2030ء میں متعین کردہ پائیدار ترقی کے اہداف اور یونیسکو کے مقاصد کے حصول کے لیے تمام وفود کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
پاکستان کی سربراہی میں تعلیمی کمیشن نے ایس ڈی جی فور ایجوکیشن 2030ء کے ایجنڈے سے متعلق یونیسکو کی مستقبل کی حکمت عملی اور خواندگی کو عالمی و علاقائی رابطوں اور عالمی درجہ بندی کے فریم ورک کی طرف بڑھنے کے ذرائع کے بارے میں غور و فکر کرنے کے لیے ایک بڑا ایجنڈا ترتیب دیا ہے جس میں اساتذہ کی مکالماتی پالیسی اور اعلی تعلیم کی قابلیت کے اعتراف کے متعلق عالمی کنونشن کے مسودہ کو حتمی شکل دینا ہے۔
پیس پیرس پہنچنے کے بعد سے وفاقی وزیر کا پیرس پیس فورم اور یونیسکو کی جنرل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا ایک بھرپور شیڈول ترتیب دیا گیا۔ چائنہ کے وزیر تعلیم نے دوپہر کے کھانے پر ان کی میزبانی کی۔
انہوں نے بنگلا دیش، ناروے اور تیونس کے وزرائے تعلیم سے بھی الگ، الگ ملاقاتیں کرنے کے علاوہ یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم و ثقافت سے بھی ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں کے دوران وفاقی وزیر نے تمام بچوں تک تعلیم کی رسائی کو ممکن بنانے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے امور پر دو طرفہ اور بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔