اسلام آباد : سینیٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، قرارداد میں کہا گیاکئی بار امریکا سے رہاکرنے کے لیے کہا گیالیکن ایک نہ سنی گئی، حکومت کوچاہیےعافیہ کی رہائی کے لیےسنجیدہ اقدامات کرے۔
تفصیلات مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سجرانی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں معمول کی کارروائی معطل کرکے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قراردادپیش کی گئی، قرارداد جے یو آئی (ف) کے سینیٹر طلحہٰ محمود نے پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کوطویل عرصہ سےجیل میں رکھنےکی مذمت کرتےہیں ، کئی بارامریکاسےرہاکرنےکےلیےکہاگیالیکن ایک نہ سنی گئی ، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔
چیئرمین سینیٹ نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق منظور قرار داد دفتر خارجہ کو بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قرارداد کی روشنی میں عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔
یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کی تھی، جس میں شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ صدیقی کیس سے متعلق کاوشوں سے آگاہ کیا۔