کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن چڑیا گھر تک پہنچ گیا

01:16 PM, 15 Nov, 2018

کراچی:  شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے وسیع تفریحی مقام چڑیا گھر کو بھی تزئین و آرائش کرکے مثالی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے اس کے گرد قائم 50 سے زائد دکانیں مسمار کردی جائیں گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی چڑیا گھر کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ نے سنجیدگی کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے بتائی گئی تفصیلات کے مطابق چڑیا گھر کے گیٹ نمبر 5 سے 1 تک 50 سے زائد دکانوں کو جگہ خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں، ساتھ ہی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام دکانیں اور ہوٹل فوری طور پر خالی کردیے جائیں۔
ذرائع کے کہنا ہے کہ چڑیا گھر کی حددو میں قائم دکانوں کی لیز کینسل کردی گئی ہے اور جلد ہی انہیں مسمار کردیا جائے گا۔ تزئین اور شہریوں کی سہولیات سے متعلق جاری کاموں کی بتائی گئی تفصیلات کے مطابق چڑیا گھر میں پنجرہ نمبر 4، 7 اور 8 کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جبکہ گیٹ نمبر 4، 5 اور 1 پر بیت الخلا آیندہ ماہ تک مکمل کرکے شہریوں کے استعمال کے لیے کھول دیے جائیں گے۔سندھ حکومت نے اس حوالے سے گرانٹ میں سے 50 فیصد ادائیگی کردی ہے ۔

مزیدخبریں