جنیوا:ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے خلاف پابندیاں عاید کرکے غلط راستے کا انتخاب کیا ہے اور وہ شکست سے دوچار ہوگا۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر حسن روحانی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی اس راستے میں یقیناً شکست سے دوچار ہوں گے ۔انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے، وہ غلط اور نادرست ہے۔
اگر وہ دیانت دار ہوتے اور انھیں علاقائی سلامتی کی کچھ فکر ہوتی تو وہ اس راستے کا انتخاب نہیں کرتے۔اگر انھیں ایرانی عوام کا کچھ احترام ہوتا تو پھر بھی وہ اس راستے پر نہ چلتے۔انھوں نے کہاکہ انھوں ( امریکیوں) نے دنیا اور ہمارے عوام کے سامنے خود کو مزید بدنام کر لیا ہے۔
یہ بات ہر کسی پر واضح ہے کہ امریکا کی نادرست اور ظالمانہ پابندیوں سے ہمارے ملک کے پیارے اور معزز لوگ متاثر ہوں گے۔