لاہور: پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے کشمیر سے متعلق بیان پر ایک ہنگامہ برپا ہے اور سیاسی و سماجی اور سوشل میڈیا پر بوم بوم کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
اسی تناظر میں سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے بھی شاہد آفریدی کو تنقید کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
شاھد آفریدی صاحب نے اپنے وطن کی اور کشمیریوں کی پاکستان سے بے پناہ محبت دونوں کی تضحیک کی ھے۔ محبت جس کو بھارتی درندے روزانہ خون میں نھلا تے ھیں اور اسکی حدت ماند نھیں پڑتی۔مجھے شاھد آفریدی صاحب سے ہمدردی ھے۔سوال انکی عقل کی دسترس سے میں نھیں تھا pic.twitter.com/MtYxb8WAhn
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 14, 2018
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنے وطن کی تضحیک کی، کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کی بھی تضحیک کی گئی۔انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے شاہد آفریدی سے محبت ہے۔ سوال ان کی عقل سے باہر تھا۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی کا ایک تقریب کے دوران کشمیری جدوجہد کے حوالے سے ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔جس پر صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔ اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، انھیں ان کا حق ضرور ملنا چاہیے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، ان کا حق ملنا چاہیے، بھارتی میڈیا میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں۔