ہم سے تو 4 صوبے نہیں سنبھالے جاتے،کشمیر پاکستان کو نہیں چاہیے،آفریدی کے بیان نے ہنگامہ برپا کردیا

09:02 AM, 15 Nov, 2018

لندن:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کرکٹ کے میدان سے تو ریٹائر ہوچکے ہیں مگر اپنے بیانات کی وجہ سے وہ آئے دنوں میڈیا میں ان رہتے ہیں جبکہ گزشتہ روز کشمیر کے معاملہ پر کی جانیوالی بات پر ان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کشمیر نہیں چاہیے ہم سے تو اپنے 4 صوبے نہیں سنبھالے جاتے بعد ازاں غلطی کا احساس ہونے پر انہیں وضاحتی بیان جاری کرنا پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی کی لندن میں دیئے گئے انٹرویو کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کشمیر کے حوالے سے وہ کہہ رہے ہیں کہ دنیا نے اسے ایک مسئلہ بنادیا ہے حالانکہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں کہتا ہوں کشمیر پاکستان کو نہیں چاہیے بھارت کو بھی نہ دو بلکہ یہ ایک ملک بنے،کم از کم انسانیت تو زندہ رہے،انسانیت بڑی چیز ہے، کہیں پر بھی انسان مرتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے،پاکستان سے تو اپنے چار صوبے سنبھالے نہیں جارہے۔


اس کے بعد شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کرکے اپنے بیان کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے انٹرویو اور ویڈیو کلپ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔سابق کپتان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، میں ملک کے لیے جذباتی ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں۔ انسانیت کا بول بالا اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔


کرکٹ کی دنیا میں بوم بوم کے نام سے شہر ت پانے والے آفریدی نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میڈیا پر آنے والا ویڈیو کلپ نامکمل ہے اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے، میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ میرا بیان توڑ مروڑ کر چلایا جارہا ہے ، کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے جس پر بھارت کا جابرانہ قبضہ ہے۔


سابق آل راو¿نڈر نے لکھا کہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، مجھ سمیت تمام پاکستانی آزادیِ کشمیر کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور کشمیر پاکستان سے ہے۔

مزیدخبریں