لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے مشرقی علاقے الفورڈ میں تیر کے حملے میں زخمی ہونے والی حاملہ خاتون ثناء محمد بچے کی پیدائش کے بعد جاں بحق ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن کے علاقے الفورڈ میں پیر کے روز گھر میں گھس کر خاتون کو 'کراس بو تیر' سے نشانہ بنایا گیا۔خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تیر خاتون کے معدے میں پیوست تھا۔
ثناء محمد 8 ماہ کی حاملہ تھیں اور لندن میں 5 بچوں اور اپنے دوسرے شوہر امتیاز محمد کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ زخمی حاملہ خاتون کا اسپتال میں آپریشن کر کے بچے کو بچا لیا گیا لیکن وہ بچے کی پیدائش کے بعد جانبر نہ ہو سکیں۔
پولیس کے مطابق نوزائیدہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ثناء محمد کے قتل کے جرم میں اس کے 50 سالہ سابق شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے جمعرات کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔