نیو یارک: امریکی ارب پتی بل گیٹس نے الزائمر کے مرض کے انسداد کے شعبے میں متبادل تحقیق میں تعاون کے لیے اپنی ذاتی دولت سے 5 کروڑ ڈالر کا فنڈ مختص کر دیا ہے۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے اپنے بلاگ پر لکھا ہے کہ ہمیں چاہیے کہ ان سائنس دانوں کو سپورٹ کریں جو مختلف نوعیت کے خیالات پیش کرتے ہیں۔ ہمیں الزائمر کے مرض سے شفایابی کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے والی سوچ کی ضرورت ہے۔بل گیٹس کے مطابق انہوں نے 5 کروڑ ڈالر کی مذکورہ رقم کو ٴٴفنڈ ریکوری ڈیمنشیاٴٴ کے تحت سرمایہ کاری میں لگایا ہے جس میں پبلک اور پرائیوٹ دونوں سیکٹر شامل ہیں۔
بل گیٹس کے مطابق اس مرض کے علاج کے اخراجات ترقی یافتہ ممالک میں صحت سے متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے کندھوں پر بھاری ترین بوجھ میں سے ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 3.6 کروڑ سے زیادہ افراد زوال عقل کے مرض میں مبتلا ہیں جن میں اکثریت الزائمر کا شکار ہے۔