لاہور: پاناما لیکس کیس میں شریف خاندان کے لندن فلیٹس کا دفاع کرنے شہزادہ حمد بن جاسم منظرعام پرآگئے،پاناما ہنگامہ شروع ہوئے سات ماہ گزر چکے ہیں،پہلے تو قطری شہزادے کا ذکرتک نہ آیا،آج وہ اچانک کہاں سے نمودار ہوگئے؟
لاہور سے دبئی جانے والی پاناما ایکسپریس جدہ اور لندن سے ہوتی ہوئی اچانک دوحا پہنچ گئی،پاناما لیکس کیس میں بات ان کی ہونے لگی،جن کا ذکرتو پورے فسانے میں نہ آیا،شہزادہ حمد بن جاسم نے بھی خوب انٹری ماری۔
قانونی ماہرین ،سیاست دان ہوں یا پھرعوام،پاناما ایکسپریس کے قطر اسٹاپ پر ہر کوئی حیران ہے،شریف خاندان نے تو قطر کے حکمرانوں کے ساتھ کسی کاروبار کا کبھی تذکرہ تک نہ کیا،پھر اب شہزادہ حمد بن جاسم تحریری ثبوت کے ساتھ کہاں سے آگئے؟
وزیراعظم نوازشریف نے بھی پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران صرف دبئی اور جدہ کے گن گائے ،قطر والوں کا نام تک نہ لیاجو آج ان کا دفاع کرنے لگے۔
قطر کے شہزادے کا اپنے بیان میں سرسری اندازشکوک وشبہات کے سائے مزید گہرے ہو گئے، شہزادے کی یاداشتوں پر مبنی اس دستاویز کی قانونی حیثیت کیا ہوگی؟کیا سپریم کورٹ اسے تسلیم کرلے گی ؟ابھی کچھ واضح نہیں ہو سکا۔