نیوزی لینڈ،پاکستان کے درمیان کرائسٹ چرچ میں میچ شیڈول کے تحت ہوگا

01:32 PM, 15 Nov, 2016

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ پر چھائے خوف کے سائے چھٹنے لگے، خوفناک زلزلے کے باوجود کرائسٹ چرچ ٹیسٹ شیڈول کے تحت جمعرات سے ہی شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے میزبان شہر میں ڈیرے ڈال دیے، منگل سے ٹریننگ کا ا?غاز ہوگا، آفٹر شاکس کی پیشگوئی بھی موجود ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان رچرڈ بوک نے کہاکہ مقابلے کی تیاریاں جاری اورصورتحال کا بھی بدستور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ادھر پاکستان ٹیم کے منیجر وسیم باری نے کہاکہ میزبان بورڈ نے ہمیں ہوٹل اور گرائونڈ میں کھلاڑیوں کی سلامتی کیلیے یقین دہانی کرا دی، کھلاڑیوں کے اہل خانہ بھی پاکستان میں سخت فکرمند تھے۔

کیوی ٹیم کے مقامی کھلاڑی میٹ ہینری نے کہاکہ یہ سب کچھ انتہائی خوفناک تھا مگر اس سے ٹیسٹ کوکوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں اتوار کی شب آنے والے خوفناک زلزلے کی وجہ سے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان جمعرات سے شیڈول پہلے ٹیسٹ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا تھا، اس زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 7.5 تھی جس کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کردی گئی،مگر اب خوف کے یہ سائے کم ہونے لگے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ہیگلے اوول میں میچ کے اپنے وقت پر انعقاد کا پورا امکان ہے۔زلزلے کے وقت پاکستان ٹیم نیلسن میں تھی مگر اب کرائسٹ چرچ میں ڈیرے ڈال چکی جبکہ پیر کو ہی نیوزی لینڈ کا اسکواڈ بھی یہاں جمع ہوگیا، اب دونوں ٹیمیں منگل سے ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔

نیوزی لینڈکرکٹ کے ترجمان رچرڈ بوک نے کہاکہ پہلے ٹیسٹ کی تیاریاں زوروشور سے جاری مگر اس کے ساتھ ہم صورتحال پرنظر رکھتے ہوئے حکام کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ مسلسل پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں اورانھیں سلامتی کے حوالے سے ایک بار پھر یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔دوسری جانب ٹیم منیجر وسیم باری نے بھی تصدیق کی کہ میزبان بورڈ کی جانب سے انھیں ہوٹل اور اسٹیڈیمز میں کھلاڑیوں کی سلامتی کی مکمل ضمانت فراہم کردی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ نیلسن میں کھلاڑیوں نے رات کا بیشتر حصہ جاگ کر گزارا، ہمارے لیے یہ صورتحال نئی قسم کی تھی کیونکہ پاکستان میںاتنے زلزلے نہیں آتے، اس کی تو شدت ہی بہت زیادہ تھی، کھلاڑیوںکی فیملیز بھی ملک میں کافی فکرمند ہیں۔ادھرمیزبان ٹیم میں شامل کرائسٹ چرچ کے کھلاڑی میٹ ہینری نے کہاکہ اس زلزلے کا سامنا کرنا انتہائی خوفناک تھا، اس سے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے جس کی وجہ سے صورتحال جلد معمول پر آگئی، خوشی اس بات کی ہے کہ دونوں ٹیمیں شیڈول کے مطابق ہی ٹیسٹ کھیلیں گی جبکہ موسم بھی اس میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ واضح رہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران آفٹر شاکس کی پیشگوئی موجود ہے۔2011 میں خوفناک زلزلے میں کرائسٹ چرچ کے پرانے گرائونڈ کو کافی نقصان پہنچا جس کے بعد ہیگلے اوول نے ٹیسٹ سینٹر کا اسٹیٹس حاصل کیا تھا۔

مزیدخبریں