وزیر خارجہ کی چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم سے ملاقات،تعاون کے تمام شعبوں میں مکمل حمایت کا اعادہ

وزیر خارجہ کی چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم سے ملاقات،تعاون کے تمام شعبوں میں مکمل حمایت کا اعادہ

بیجنگ: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج  بیجنگ میں چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم ڈنگ زوکسیان سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک نے خنجراب بارڈر کراسنگ کے ذریعے رابطے، ویزا کے آسان نظام پر تبادلہ خیال کیا۔ 

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس سال 26 مارچ کو شانگلہ حملے پر چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم سے تعزیت کا اظہار کیا اورمجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی اور مارے جانے والے چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔

دونوں رہنمائوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے، تجارت، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نےخنجراب بارڈر کراسنگ کے ذریعے رابطے اور ویزا کے آسان نظام پر بھی تبادلہ خیال اور تعاون کے تمام شعبوں میں پاک چین تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار کو برقرار رکھنے اور پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے توانائی اور انفراسٹرکچر میں سی پیک کی طرف سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صنعت، زراعت اور معدنی ترقی کے شعبوں میں دوسرے مرحلے کے تحت مثبت منافع پر اعتماد کا اظہار کیا۔ چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ ذوکسیان نے معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کے تمام شعبوں میں پاکستان کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور باہمی خوشحالی اور ترقی کے لیے سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 
واضح رہے کہ 13 مئی کو وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحق ڈار پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے چین پہچنے تھے جہان ان کا استقبال اعلٰی چینی حکام اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔

مصنف کے بارے میں