راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے درج مقدمات میں شیخ رشید ، پی ٹی آئی رہنماؤں شبلی فراز، راجا بشارت، زرتاج گل اور زین قریشی سمیت 20 سے 25 ملزمان کی ضمانت کنفرم کردی جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے نو مئی کے درج مقدمات کیس کی سماعت کی، کیس میں نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔نو مئی کے درج مقدمات میں زرتاج گل، شبلی فراز، راجہ بشارت ،شیخ رشید، راشدشفیق سمیت دیگر ملزمان راولپنڈی کی عدالت میں پیش ہوئے۔
نو مئی کے مقدمات میں 500 سے زائد ملزمان نامزد تمام ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکر لی گئی۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شیخ رشید،راشد شفیق، شبلی فراز، راجہ بشارت، زرتاج گل اور زین قریشی سمیت دیگر کی ضمانت بھی کنفرم کردی۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29مئی تک ملتوی کر دی گئی۔نو مئی کے مقدمات کی آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
واضح رہے کہ ضمانتیں کنفرم یا ضمانت میں توثیق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کیس میں اب مستقل بنیادوں پر ان کی ضمانت ہو چکی ہے اور انہیں اب اس کیس میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا، تاہم پراسیکیوشن اس فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے، جس کے بعد عدالت چاہے تو ضمانت مسترد کرسکتی ہے۔