ڈھاکہ: خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان موچا نے میانمار اور بنگلہ دیش سے ٹکرانے کے بعد تباہی مچادی ہے۔میانمار میں لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کی وجہ سے 5 افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے ہیں ۔ بنگلہ دیش میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
کیٹیگری 5 شدت کے طوفان کی وجہ سے شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام معطل ہوگیا ۔ طوفان نے ساحلی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج کردیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے بنگلا دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں مقیم افراد بھی مشکلات کاشکار ہیں ۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستے بند ہوگئے ہیں ۔ بنگلہ دیش کی سب سے بڑی بندرگاہ پرسرگرمیوں کو معطل کر دیا گیا ہے ۔ کشتیوں کی آمدورفت اور ماہی گیری بھی روک دی گئی ۔
یاد رہے کہ طوفان ’موچا‘ کی وجہ سے بنگلا دیش سے تقریباً ساڑھے سات لاکھ افراد کا انخلاء کرا یاگیا ہے ۔ ماہرین کی جانب سے سائیکلون کو بنگلہ دیش میں دو دہائیوں میں آنے والے اب تک کے طاقتور ترین طوفان قرار دیا گیا ہے ۔