مسجد الاقصٰی کی طرف بڑھتے ہاتھوں کو روکیں گے ، ترک صدر

07:53 PM, 15 May, 2021

انقرہ، ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ جس طرح شامی سرحد کے قریب دہشت گردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصیٰ کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو روکیں گے۔

ترک میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جماعت انصاف و ترقی پارٹی کے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنس میں فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔

ترک صدر نے کہا کہ فلسطین میں ظلم و جبر کے خلاف اگر پوری دنیا بھی خاموش ہوجائے تب بھی ہم اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین پر بہیمانہ حملوں پر سیاسی مفادات کے باعث آنکھیں بند کی گئیں، اسرائیل کی جانب سے بہائے جانے والے خون پر خاموش رہنے والے جان لیں یہ وقت ان پر بھی آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے تمام حدیں عبور کرلی ہیں، اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہوجائیں۔

ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین شہروں اور القدس میں برپا مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ناموس انسانیت کا فرض ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی محصور پٹی میں اسرائیل کے جنگی جرائم مسلسل چھٹے روز سے جاری ہیں اور رہائشی ‏عمارتوں، میڈیا ہاؤسز اور کثیرالمنزلہ اپارٹمنٹس پر فضائی بمباری کر کے انہیں زمین بوس کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کی پٹی پر جاری فضائی حملوں میں ‏گذشتہ 6 روز میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 140 ہوگئی ہے ، جن میں 39 بچے شامل ‏ہیں۔

مزیدخبریں