غزہ ، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے جنگی جرائم مسلسل جاری ، اسرائیلی طیاروں نے میڈیا ہاؤسز اورکثیرالمنزلہ اپارٹمنٹس کو نشانہ بنا کر زمین بوس کردیا ۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے تازہ حملے میں ایک اور اہم عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا اداروں کے دفاتر پر میزائل داغے گئے۔ 4 میزائل لگنے کے بعد غزہ کا کئی منزلہ الجلاٹاور زمین بوس ہوگیا۔ الجلاٹاور میں الجزیرہ سمیت کئی میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کی پٹی پر جاری فضائی حملوں میں گذشتہ 6 روز میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 140 ہوگئی ہے ، جن میں 39 بچے شامل ہیں۔
غزہ میں حماس کے تحت وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 950 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں واقع القدس اور شیخ جراح میں فلسطینی شہری آبادی پر حملے کئے۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر اپنی فوجیں اکٹھا کرنے کے بعد زمینی آپریشن کا آغاز کردیا ، آپریشن میں اسرائیل نے غزہ کے مختلف علاقوں پر ٹینکوں اور بھاری اسلحے سے گولہ باری کی، جس کی باعث سینکڑوں فلسطینی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔