لندن ،عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ امیر ممالک میں بچوں کی کورونا ویکسینیشن کرنے سے قبل عالمی سطح پر غریب ممالک میں ویکسینیشن شروع کی جائے، ترقی یافتہ ممالک کوویکس پروگرام میں کورونا ویکسین کی خوراکیں عطیہ کریں۔
سربراہ عالمی ادارہ صحت ٹیڈروس ادھانوم کا کہناہے کہ امیر ممالک اب بچوں اور ٹین ایجرز کی کوروناویکسینیشن کررہےہیں جبکہ غریب ممالک بمشکل ہی طبی عملے اور غیرمحفوظ افراد کیلئے کوروناویکسینیشن شروع کرسکےہیں۔
انہوں نے کہا کہ امیر ممالک کو نوجوان اور صحت مند افراد کی ویکسینیشن کرنے کے بجائے کوویکس گلوبل ویکسین شیئرنگ کو کوروناخوراکیں عطیہ کرنی چاہئیں تاکہ تمام ممالک میں ضرورت مند افراد کو تحفظ دیاجاسکے۔