لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عہد ساز ٹی وی فنکار اور مصنف فاروق قیصر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاروق قیصر قہقہے اور مسکراہٹیں بکھیرنے کے لئے یاد رکھے جائیں گے ۔
اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ بچپن میں انکل سرگم جیسی خوبصورت یادیں دینے پر فاروق قیصر کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پر اپنی رحمت فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرے ، انہوں نے کہا کہ خوشیاں پھیلانا انسانیت کی عظیم خدمت ہے ۔
#FarooqQaiser Sahab would be remembered for spreading smiles & laughter. This perhaps is the biggest service you can do to your fellow humans. Thank you for the beautiful, unforgettable childhood memories like Uncle Sargam. May Allah bless your soul. Prayers for the family 🤲🏼 pic.twitter.com/CEACkcoDLV
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 15, 2021
واضح رہے کہ فاروق قیصر عارضہ قلب میں مبتلا تھے گزشتہ روز اچانک ان کی طبعیت خراب ہوئی جس کے بعد ان کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ فاروق قیصرالمعروف انکل سرگم 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے ، نیشنل کالج آف آرٹس سے بی اے کیا جس کے بعد انہوں نے رومانیہ سے گرافکس آرٹس میں ماسٹر کیا ۔ انکل سرگم نے امریکا سے ماس کمینویکشن کی ڈگری بھی حاصل کی ۔
ستر کی دہائی کے اوائل میں ان کی ٹیچر سلیمہ ہاشمی نے ان کو اپنے سپرہٹ ٹی وی شو "اکڑ بکڑ " میں اپنے ساتھ اسسٹنٹ کے طور پر رکھ لیا ۔ اس شو کی بدولت ان کو شعیب ہاشمی ، منیزہ ہاشمی اور فیض احمد فیض جیسے بڑے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ۔
سال 1976 میں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن پر " کلیاں " کے نام سے پپٹ شو کیا جس کو پاکستان بھر میں بے حد مقبولیت ملی ۔ اس شو میں انہوں نے انکل سرگم کا پپٹ رومانیہ میں دوران تعلیم ملنے والے اپنے استاد موہن لال جیسا بنایا تھا ۔ اس شو میں ہے گا ہے گا اور ماسی مصیبتے کے کرداروں کو بھی بے حد شہرت ملی تھی ۔