غزہ: نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فضائی حملے جاری،  شہادتوں کی مجموعی  تعداد 137 ہو گئی

غزہ: نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فضائی حملے جاری،  شہادتوں کی مجموعی  تعداد 137 ہو گئی

 
 
مقبوضہ بیت المقدس:  غزہ میں اسرائیلی فوج   نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پرظلم و بربریت کی دل دہلا دینے والی داستان رقم کر رہی ہے۔ صیہونی فوج کے وحشیانہ فضائی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 137   ہو گئی، کئی عمارتیں تباہ جبکہ ہزاروں خاندان اپنے گھروں سے بھی محروم ہو گئے۔


اسرائیلی فوج کے فلسطین کے رہائشی علاقوں میں ہونیوالے  فضائی حملوں  کے نتیجے میں  فلسطینیوں کی بڑی تعداد شہید ہوئی، شہید ہونیوالوں میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی  فورسز نے بھاری ہتھیاروں سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ۔

اسرائیلی فورسز کے خوفناک  حملوں سے بچنے کیلئے  اقوام متحدہ کے سکول میں پناہ لے رہے ہیں۔ غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے پیش نظر شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے زمینی آپریشن کا بھی عندیہ دیا گیا ہے جس کیلئے غزہ کی سرحد پر  اسرائیلی فوج کو بھیجنا شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری  طرف  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے  اپیل کے باوجود اسرائیل کے وزیراعظم نے حملوں کا سلسلہ  جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

حماس کی جانب سے اسرائیلی شہر اشکلون پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس میں 6 اسرائیلی اور ایک غیر ملکی شہری مارا گیا۔ اسرائیل میں عرب آباد کاروں اور یہودیوں میں بھی جھڑپیں ہوئی جس کے بعد 400 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اقوام متحدہ نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار کو طلب کرلیا۔ اسرائیلی اور فلسطین کے لیے امریکی مندوب ہادی عمر بھی مصالحت کیلئے تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔