قومی اسمبلی کی کمیٹی بنا کر کورونا وائرس  وبا کی صورتحال کی یومیہ مانیٹرنگ کی جائے، احسن اقبال

11:53 AM, 15 May, 2020

اسلام آباد :مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی یومیہ مانیٹرنگ کے لئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قائم کی جائے اور فی الفور ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے بچوں کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

قومی اسمبلی میں کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کورونا نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ امریکہ جیسی سپر پاور جو دنیا کے لئے ہیبت کا باعث بنی تھی اس کے تمام جنگی سازوسامان بھی بے بس ہو کر رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا ضروری اقوام عالم کے لئے اسلحہ پر خرچ کرنا ہے اس سے کہیں زیادہ ضرورت انسانوں کے تحفظ پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ستمبر تک اس وباءکے عروج پر رہنے کی بات کی جارہی ہے۔ ہمیں ہر طرح کے حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

چین‘ جنوبی کوریا‘ نیوزی لینڈ اور جرمنی نے بڑی کامیابی کے ساتھ اس وباءکا مقابلہ کیا ہے اور جن ممالک نے اس وبا کے وقت کبوتر کی طرح آنکھیں بند کیں وہاں لوگ اس طرح مر رہے ہیں جیسے درختوں سے پتے جھڑتے ہیں۔

ہم مارچ میں اس معاملے کو اسمبلی میں زیر بحث لانے پر زور دیتے رہے مگر سیشن 13 مارچ کو اچانک ختم کردیا گیا۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2018ءمیں پولیو ختم ہوگیا تھا مگر موثر پالیسی نہ ہونے کی بناءپر اس کے نئے کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں سنجیدہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ایوان کی کمیٹی بنا کر کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی یومیہ مانیٹرنگ کی جائے اور فی الفور ملک میں تعلیمی ایمرجنسی لگائی جائے۔

مزیدخبریں