اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ قوم ملک پر آئی مصیبت سے نجات اور رحم کی خصوصی دعائیں کرے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دلی دکھ ہے کہ لوگ اپنے بچوں کو عید پر نئے کپڑے دلانے سے بھی مجبور ہوگئے۔
انھوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی ایم ایف ڈیل کے اثرات قوم کو ٹی وی سے پتہ چلیں گے ، عوام کی چیخیں حکومت کی پالیسی کے مطابق نکل رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چور دروازے سے ڈیل کا مقصد یہ ہے کہ عوام پر پڑنے والے بوجھ کو چھپایا جائے ۔ قوم دیکھ لے کہ آئی ایم ایف معاہدہ حکومت نے قوم اور پارلیمنٹ سے کیوں چھپایا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ہر محب وطن کو دکھ ہے کہ روپے کی قدر آج 2 روپے 25 پیسے مزید کم ہوگئی ، مہنگائی کا مزید عذاب آئے گا ، قوم سے عید کی خوشیاں چھین لی گئی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے اثرات سامنےآنا شروع ہوگئے ، ڈالر کی پرواز بھی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہے ، عمران صاحب نے جھوٹ کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ، عمران صاحب نے جتنے بڑے جھوٹ بولے ، ڈالر کی قیمت اتنی ہی اوپر جا رہی ہے۔