کالعدم جماعت الدعوہ کے مولانا عبدالرحمان مکی کو گرفتار کرلیا گیا

11:53 AM, 15 May, 2019

لاہور:جماعت الدعوہ اور کالعدم تنظیم فلاح انسانیت کے رہنما مولانا عبد الرحمان مکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے نائب امیر مولانا مکی کو ملک گیر سطح پر کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پہ انتہائی اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور تنقید کا نشانہ بنانے پرگرفتار کیا گیا ہے۔

ان کی گرفتاری نقص امن عامہ کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق مولانا عبد الرحمٰن مکی نے گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔

مولانا عبدالرحمان مکی پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے عوام الناس سے اپنی کالعدم قرارد ی جانے والی تنظیم فلاح انسانیت کے نام پر چندے کے اپیل کی تھی۔

پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا مکی نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پر بھی سخت تنقید کی تھی۔مولانا عبدالرحمان مکی کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کے برادر نسبتی ہیں۔ وہ کالعدم جماعت الدعوہ کے نائب امیر ہونے کے علاوہ تنظیم کی جانب سے سیاسی و خارجی امور کے نگران کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں