ایران میں تیار کیا جانے والا سب سے بڑا فائبر گلاس کارگو بحری جہاز بیرون ملک روانہ

11:27 AM, 15 May, 2019

تہران: ایران میں تیار کئے گئے سب سے بڑے فائبرگلاس کارگو بحری جہاز کو جزیرہ قشم سے بیرون ملک روانہ کر دیا گیا۔

ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے پورٹ اینڈ شیپنگ کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل مراد عفیفی پور نے بتایا کہ ایران کے سب سے بڑے فائبر گلاس کارگو بحری جہاز کو ملک کے اندر ہی ڈیزائن اور تیار کیا گیا اور اس فائبرگلاس کارگو بحری جہاز کی تیاری کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور اس کو سمندر میں آپریشنل کرنے تک کے سارے امور ایرانی ماہرین نے انجام دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کا سب سے بڑا فائبر گلاس کارگو بحری جہاز 1300 ٹن سامان لوڈ کر سکتا ہے۔جنوبی صوبے ہرمزگان کے پورٹ اینڈ شیپنگ کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اس فائبرگلاس کارگو بحری جہاز میں دو انجن نصب ہیں جن کی مجموعی قوت ڈھائی ہزار ہارس پاور ہے جبکہ جہاز کی لمبائی55 میٹر اور چوڑائی 16میٹر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جہاز ایک غیر ملکی سرمایہ کار کے آرڈر پر تیار کیا گیا اور اس کو اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ایران میں تیار کیا گیا سب سے بڑا فائبر گلاس کارگو بحری جہاز بحرہند میں بحری جہاز رانی اور نقل و حمل کے امور انجام دے گا۔

مزیدخبریں