برسٹل :قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق جن کو ٹیم میں شامل کئے جانے پر تنقید کرنے والوں کی جانب سے ’پرچی‘ کا طعنہ دیا جاتا ہے نے سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور انگلش سرزمین پر ون ڈے اننگز میں 150 رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار اننگز کھیلی اور 131 گیندوں پر ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 151 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔
امام الحق نے 23 سال 153 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا اور اس طرح وہ انگلش سرزمین پر ون ڈے انٹرنیشنل میں 150 سے زائد رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
قبل ازیں یہ اعزاز بھارت کے سابق کپتان اور کپل دیو کے پاس تھا جنہوں نے 1983ءمیں 24 سال 163 دن کی عمر میں زمبابوے کیخلاف 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔