دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کی کئی یادگار کارکردگیوں کا حصہ رہے ہیں اور دنیا ان دونوں کی کارکردگی کی معترف ہے۔
دونوں کی کی ریٹائرمنٹ پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ دونوں بلے بازوں نے اپنے کیرئیرز میں اس کھیل اور شائقین دونوں کو بہت کچھ دیا ہے۔مصباح الحق کئی مواقعوں پر پاکستانی اننگز کی بنیاد بنے اور انہوں نے متعدد بار ٹیم کو مشکل حالات سے نکالا۔ مصباح سست روی سے بیٹنگ کیلئے مشہور ہوئے مگر ضرورت پڑنے پر وہ تیز رفتاری کے ساتھ بھی کھیلے جس کی مثال 2014ءمیں آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر سنچری ہے۔“
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے یونس خان کو پاکستانی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ”سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری اور انڈیا کے خلاف سیریز برابر کرنے کیلئے بنائی جانے والی ڈبل سنچری ایسی کچھ مثالیں ہیں جو یونس کو باقی کھلاڑیوں سے ممتاز کرتی ہیں۔“ ڈیوڈ رچرڈسن نے آئی سی سی کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ” یہ دونوں کھلاڑی مستقبل میں جو بھی کرنا چاہیں، ان کیلئے میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔“