اسلام آباد:آئندہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کو گوگل میپ سے منسلک کردیا۔ای سی پی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملک بھر کے 70 ہزار سے زائد مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کو گوگل میپ سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ اس اقدام کے بعد عوام گھر بیٹھے اپنے پولنگ اسٹیشن کے محل وقوع کا پتہ لگاسکیں گے۔
اس ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگ گھر بیٹھے اپنے کمپیوٹر اور موبائل پر پولنگ اسٹیشن کا نقشہ، محل وقوع، تصویر اور گھرسے فاصلے کی معلومات حاصل کر سکیں گے جبکہ الیکشن کمیشن کو بھی تمام پولنگ اسٹیشنز پر مزید کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمدر ضا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران الیکشن کمیشن کے عملے نے ملک بھر کے چاروں صوبوں اور فاٹا میں مجوزہ 70 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن کا سروے کیا جس میں تمام پولنگ اسٹیشنز کی تصاویر لی گئیں اور یہ معلوم کیا گیا کہ ان پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولتیں جیسے پانی ، بجلی ،بیت الخلا ، ٹیلی فون اور دیگر سہولیات موجود ہیں یا نہیں۔
اجلاس میں چیف الیکشن کمشنز نے ہدایت دی کہ جن صوبوں کے پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے وہاں کے وزیراعلی اور چیف سیکرٹری کو خطوط لکھ کر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دی جائیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں