سی پیک میں ڈیٹاآپٹیکل فائبر کے منصوبے بھی شامل ہیں،وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

10:14 AM, 15 May, 2017

اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے چین صف اول انفارمیشن ٹیکنالوجی مینوفیکچرز کمپنی ہواوے پر زور دیا ہے کہ وہ اطلاعات و آگاہی کے انقلاب میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے ملک میں تحقیق و ترقی کے مراکز قائم کرے۔

ہواوے ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان کیلئے مستقبل کیلئے پروگراموں میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباءشریک ہیں جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک میں صرف ریلوے اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں پر ہی توجہ نہیں دی جا رہی تاہم اس میں ڈیٹاآپٹیکل فائبر کے منصوبے بھی شامل ہیں تاکہ پاکستان ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم معلومات اور آگاہی کے دور سے گزر رہے ہیں جو ڈیجیٹل کی دنیا کے ذریعے علم وآگاہی فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرصہ حاضر میں کامیابی دماغی صلاحیتوں اور اعدادوشمار کو بروئے کار لانے میں مضمر ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اب نالج کیپٹل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کررہا ہے اور ملک کے پاس نوجوانوں کا خزینہ ہے۔انہون نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ گزشتہ 3 سال میں دوگنا کردیا گیا ہے جس میں آئندہ مالی سال کے دوران مزید اضافہ کیا جائے گا اور ریبوٹ کے شعبہ کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں3 مزید سنٹر آف ایکسیلینس قائم کئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سائبر ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور پاکستان طلبہ کو اس میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور کا تاجر مہارتوں کی ترقی اور علم وآگاہی کو ترجیح دیتا ہے۔انہوں نے طلباءپر زور دیا کہ وہ سوال کے ذریعے سیکھنے پر خصوصی توجہ دیں اور نئے نئے تصورات پیش کریں تاکہ تعلیم وتربیت سے بھر پور استفادہ کیا جاسکے۔

مزیدخبریں