ملک کے مختلف حصوں میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری کی شدت

ملک کے مختلف حصوں میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری کی شدت

اسلام آباد:  ملک کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت دوبارہ محسوس کی جا رہی ہے۔

آج ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہو رہی ہے۔ بالائی علاقوں میں سوات، مینگورہ، مالم جبہ سمیت دیگر مقامات پر بھی بادل برسے ہیں، جبکہ کالام، وادی کاغان اور مہوڈنڈ میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، مری، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع، بلوچستان کے شمالی علاقے، بالائی سندھ اور کشمیر میں بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے بلند پہاڑوں پر برفباری جاری رہ سکتی ہے۔ مظفرآباد، نیلم اور وادی لیپہ میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے نظام زندگی متاثر ہو چکا ہے