کراچی ائیرپورٹ خودکش بم دھماکہ کیس: ملزمہ گل نساء کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

12:25 PM, 15 Mar, 2025

کراچی:  کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ائیرپورٹ خودکش بم دھماکے کیس میں ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پراسیکیوشن نے عدالت میں کہا کہ گل نساء پر دھماکے میں سہولت کاری کا الزام ہے، اور یہ کہ اس نے خودکش حملہ آوار شاہ فہد اور شریک ملزم جاوید کو اپنے گھر میں ٹھہرایا تھا۔ پراسیکیوشن کے مطابق، ملزمہ نے خودکش حملہ آوار کے ساتھ بلوچستان حب سے کراچی داخل ہونے میں مدد کی۔

دوسری طرف، ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ پولیس نے سیکیورٹی کی کوئی تحقیقات نہیں کیں اور ملزمہ کا کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ وکیل نے مزید کہا کہ ملزمہ کے قبضے سے کوئی ممنوعہ مواد یا آئی ڈی کارڈ برآمد نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق، 6 اکتوبر 2024 کو کراچی ائیرپورٹ پر غیر ملکی شہریوں پر ہونے والے خودکش حملے میں دو غیر ملکی ہلاک ہوئے تھے۔ ملزمہ گل نساء اور جاوید اس کیس میں گرفتار ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزیدخبریں