اسلامو فوبیا عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: مریم نواز

11:44 AM, 15 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسلامو فوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

انسداد اسلامو فوبیا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش امتیازی سلوک، نفرت اور تعصب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد پیش کر کے پاکستان نے اس مسئلے پر عالمی سطح پر آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت، برداشت اور انسانی عظمت کا پیغام دینے والا مذہب ہے، مگر بدقسمتی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈا کا رجحان بڑھ رہا ہے، جو عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ مریم نواز نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کی تمام عالمی کوششوں کی حمایت کی اور کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے نفرت آمیز رویوں کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عالمی سطح پر کشمیری، فلسطینی اور دیگر مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ پنجاب حکومت مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر مذہب اور مسلک کو مساوی حقوق اور عزت حاصل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے دنیا کو اسلام کے حقیقی پیغام سے آگاہ کیا جانا چاہیے، اور عالمی امن کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں