آج انسداد اسلامو فوبیا کا عالمی دن

11:09 AM, 15 Mar, 2025

اسلام آباد:انسداد اسلامو فوبیا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اسلامو فوبیا سے مراد مسلمانوں کے بارے میں بے بنیاد خوف اور تعصب ہے، جس کے نتیجے میں مسلم کمیونٹی کو نفرت، جسمانی تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ نسلی تعصب اور مذہبی امتیاز کی ایک صورت ہے جو خاص طور پر مغربی ممالک میں بڑھ رہی ہے۔

نائن الیون کے حملوں کے بعد امریکہ اور یورپ میں اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز رویوں میں اضافہ ہوا ہے، اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے 2022 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی ایک قرارداد منظور کی تھی، جس میں 15 مارچ کو ’’اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن‘‘ منانے کی تجویز دی گئی تھی۔

اسلام ایک پرامن، معتدل اور رواداری پر مبنی مذہب ہے، اور اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانا اور یہ پیغام دینا ہے کہ اسلام کسی بھی ملک یا کمیونٹی کے لیے خطرہ نہیں ہے۔

اس دن کو محض تقاریر اور سیمینارز تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ اس دن کا مقصد یہ بھی ہونا چاہیے کہ ان ممالک کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں جو ریاستی سطح پر مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا کر اسلامو فوبیا کو بڑھاوا دینے کا سبب بن رہے ہیں، خاص طور پر بھارت جیسے ممالک میں۔

مزیدخبریں