نیویارک: ایلون مسک کے قائم کردہ ادارے اسپیس ایکس نے ایک بڑا سٹارشپ راکٹ کامیابی سے لانچ کر دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس اسپیس ایکس نے جو دو مشن لانچ کئے تھے ان سے تازہ ترین تجربہ زیادہ کامیاب دکھائی دے رہا ہے۔
سپیس ایکس نے بڑا سٹارشپ راکٹ امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع اپنے مرکز سے لانچ کیا، دو مراحل پر مشتمل راکٹ مقررہ فاصلے تک پہنچنے کے بعد کامیابی سے الگ ہوا اور خلا میں داخل ہوا۔سپیس ایکس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جب یہ راکٹ دوبارہ زمین کے مدار میں داخل ہوا تو اس سے رابطہ منقطع ہوگیا، خیال ہے کہ یہ راکٹ بحرِ ہند میں کسی مقام پر آ گرے گا۔
سپیس ایکس مصنوعی سیارے زمین کے مدار میں بھیجنے والے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ہے۔ایلون مسک نے اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی کاروباری سلطنت کو نمایاں حد تک مضبوط بنایا ہے، اسپیس ایکس ان چند اداروں میں سے ہے جو کاروباری اور سیاحتی نقطہ نظر سے راکٹ لانچنگ میں نمایاں حد تک مسابقت پذیر ہیں۔
خلائی سیاحت کے بڑھتے ہوئے امکانات کے ساتھ ساتھ چاند کیلئے مشن بھیجنے کی بھی دوڑ سی شروع ہو چکی ہے، بہت سے ممالک جلد از جلد چاند کی سطح پر اپنا خلائی جہاز اتارنا چاہتے ہیں۔