لاہور : وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس میں فرد ، میوٹیشن ،ای گردآوری اور رجسٹریشن کی سہولت ملے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کی اصلاحات سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا ۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے امور پر بریفنگ دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حکم دیا کہ یواے ای ، مریکا ،برطانیہ ،کینیڈا ،سعودی عرب، گلف اور دیگر ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو سروسز کے لئے جلد اقدامات کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز کے لیے خصوصی طور پر پراپرٹی ٹرانسفر سروسز میں ٹائم لائن کی پابندی کو یقینی بنائیں ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں سرکاری اراضی کی لیز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ۔ وزیر اعلیٰ نےسرکاری اراضی پر پارک اور روڈ سائیڈ سمال جم بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ڈسٹرکٹ میں اراضی سہولت مرکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ 30 جون تک 11 ڈویژن میں اراضی سہولت مرکز کا آغاز کیا جائے گا۔5798 مواضعات کا ریکارڈ دسمبر تک آن لائن ہوگا۔ دس اضلاع میں آن لائن لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پچاس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا لینڈ ریکارڈ بھی جلد آن لائن اور ڈیجیٹل ٹرانسفر ہوگا ۔ سوسائٹیز کی پی ایل آر اے کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفر سے سوسائٹیز کے ڈیٹا تک رسائی ممکن ہو سکے گی ۔ پنجاب بھر میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں وغیرہ میں 2 ہزار ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرانے کی لئے کارروائی جاری ہے ۔ 811044 ایکٹر سرکاری اراضی کارپوریٹ فارمنگ کے استعمال کی جائے گی ۔
ایف بی آر کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن اور بی او آر کی ای گردداوری جلد کرلی جائے گی ۔ منیجمنٹ آف سٹیٹ لینڈ کا بزنس پلان بھی پیش کیا گیا ۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری ریونیو،چیف سیٹلمنٹ کمشنر، بورڈ آف ریونیو، ڈی جی پی ایل آر اے،ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی کچی آبادی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔