ملتان سلطانز کی عمدہ کارکردگی، لاہور کو 84 رنز سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

10:52 PM, 15 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 84 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ 
کیرون پولارڈ 34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عثمان خان 29، محمد رضوان 33، رائلی روسو 13، ٹم ڈیوڈ 22 اور انور علی ایک سکور بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ زمان خان اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 76 رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 
سیم بلنگز 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ ویزے 12، مرزا طاہر بیگ 8، فخر زمان 6، عبداللہ شفیق 0، شاہین شاہ آفریدی 0، حسین طلعت 4، سکندر رضا 1، راشد خان 0 اور زمان خان بھی کوئی سکور نہ بنا سکے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے شیلڈن کوٹریل سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اسامہ میر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انور علی، عباس آفریدی، احسان اللہ، کیرون پولارڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، مرزا طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائلی روسو، کیرون پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللہ شامل تھے۔ 

مزیدخبریں