لاہور: عدالت عالیہ نے پولیس کو زمان پارک آپریشن روکنے کا عبوری تحریری حکم جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زمان پارک آپریشن سے متعلق درخواست پر سماعت کل صبح 10 بجے ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی جانب سے تحریر کردہ حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ عدالت کے علم میں لایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا ہوا ہے، اس معاملے کو دیکھتے ہوئے آئی جی کو فوری آپریشن روکنے کی ہدایت کی ہے۔
تحریری حکم میں ہدایت کی گئی ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس فورس کوزمان پارک سے فوری واپس بلائیں اور پولیس واپس بلا کرمال روڈ پر نہرکے پل، دھرم پورہ پل اور ٹھنڈی سڑک پرتعینات کی جائے۔
واضح رہے کہ دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا رہا۔
پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھراؤ کیا، غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے ، مارو مارو کے نعرے لگائے، پیٹرول بم پھی پھینکے جس کے باعث درجنوں پولیس اور رینجرز اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس تصادم کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔