لاہور: صوبائی الیکشن کمشنر اور ریٹرننگ افسران کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے مطلوبہ سکیورٹی فراہم نہیں کی جا سکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے سکیورٹی صورتحال سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران کو مطلوبہ سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی اور ان کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت رش زیادہ ہے جس کے باعث آر اوز دفاتر میں کشیدگی کی صورتحال ہے۔
ان کا کہناتھاکہ امیدواروں اور حامیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو لاہور میں الیکشن شیڈول معطل کرنا ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر کے خدشات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے نوٹس لئے جانے کا امکان ہے۔