عمران خان نے ریاستی رٹ کے حوالے سے باغیانہ روش اختیار کر رکھی ہے: مولانا فضل الرحمن

06:45 PM, 15 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے ریاستی رٹ کے حوالے سے باغیانہ روش اختیار کر رکھی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے طرز عمل سے ریاستی رٹ کمزور ہونے کا احتمال ہے، عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کلچر اپنایا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ بار بار کہہ چکے ہیں عمران خان ملک مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، دیکھتا ہو گا کہ کون سی ایسی طاقتیں ہیں جو عمران خان فتنے کو تحفظ دے رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، کسی کو کوئی استثنیٰ نہیں، کارکنوں کو ڈھال بنانے کے بجائے عمران کو مقدموں کا سامنا کرنا چاہیے، عمران خان کو گرفتار کرکے ہر صورت میں پیش کرنا چاہیے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ریاست رٹ برقرار رکھنے کیلئے ضروری وسائل بروئے کار لائے، تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں، چند کھلنڈروں کا گروہ ہے۔

مزیدخبریں