لاہور : رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ انھوں نے لاہور ہائی کورٹ میں زمان پارک میں جاری آپریشن روکنے کا حکم دینے کی استدعا سے متعلق باقاعدہ درخواست دائر کر دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے گھر کا گھیراؤ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے تحریکِ انصاف کی جانب سے فوری طور پر لاہور میں جاری آپریشن روکنے کا حکم دینے کی استدعا رد کر دی ہے۔
واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری بدھ کی صبح جسٹس امیر بھٹی کی عدالت میں پہنچے اور درخواست کی کہ وہ سی سی پی او لاہور کو طلب کریں اور زمان پارک میں جاری آپریشن روکنے کا حکم دیں۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بغیر کسی درخواست کے سی سی پی او کو کیسے بلوایا جا سکتا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پہلے کبھی ایسا ہوا کہ آپ پٹیشن لائے ہوں اور اس پر آرڈر نہ ہوا ہو۔
وکیل اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ درخواست پر عمران خان سے دستخط کروانا مشکل ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس صورت میں کوئی اور پٹیشن دائر کر دے تاہم بغیر درخواست کوئی حکم نہیں دیا جا سکتا۔