اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کی جانب سے خواجہ حارث، علی گوہر، علی بخاری، بابر اعوان و دیگر عدالت پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، سیمی ایزیدی، عامر کیانی، ڈاکٹر شہزاد وسیم، صداقت علی عباسی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ابھی تو آپکی درخواست فکس نہیں ہوئی، فکس ہوگی تو سماعت کرونگا ۔خواجہ حارث نے آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس عدالت نے درخواست سنی تھی اور ڈائرکشن دی تھی مگر افسوس کہ کیا ہوا ۔خواجہ حارث نے جواب دیا کہ آپ ہمیں سن لیں ہم قانون کے تحت عدالت کو مطمئن کریں گے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس عدالت نے پہلے ریلیف دیا تھا مگر اس عدالتی احکامات کا کیا بنا ۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوا اس کے کیا نتائج ہوسکتے ہیں دیکھیں گے ۔
خواجہ حارث نے کہا کہ لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کا ہی کیا دھرا ہے۔ آپ کا کیس اعتراض کے ساتھ لگا ہوا ہے اس کو دیکھیں گے اس پر خواجہ حارث نے 12 بجے سے قبل کیس کی سماعت کی درخواست کی۔