اب ہمارا مقابلہ رینجرز سے ہے، گرفتاری سے نہیں ڈرتا لیکن یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں اسی لیے گرفتاری نہیں دے رہا: عمران خان 

10:00 AM, 15 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور :  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے کارکنان اور رہنماؤں کو گذشتہ روز سے پولیس کی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ پولیس نے آنسو گیس اور کارکنان کو منشتر کرنے کے لیے کیمیکل والا پانی استعمال کیا ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ اس وقت ان کا براہ راست مقابلہ رینجرز سے ہے۔ میرا اس اسٹیبلشمنٹ سے یہ سوال ہے جو نیوٹرل ہونے کے دعویدار ہیں۔ کیا یہ آپ کا نیوٹریلٹی کا آئیڈیا ہے؟ اس وقت رینجرز نہتے کارکنان اور رہنماؤں سے لڑ رہے ہیں جبکہ ان کے لیڈر کو ایک غیرقانونی وارنٹ گرفتاری کا سامنا ہے۔

عمران خان کے مطابق یہ مقدمہ پہلے ہی عدالت کے سامنے ہے اور یہ سب ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب حکومت انہیں اغوا اور ممکنہ طور پر قتل کرنا چاہتی ہے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ جیل جانے کے لیے تیار ہیں لیکن حکومت کے موجودہ اقدامات اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی گرفتاری کی کوشش کی شکل میں وہ وعدے پورے کیے جا رہے ہیں جو موجودہ آرمی چیف کی تعیناتی کے موقع پر اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف سے کیے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر موجودہ حکومت کچھ نہیں کر سکتی اور انہیں افسوس ہے کہ آج فوج اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو آمنے سامنے لایا جا رہا ہے۔ گرفتاری سے نہیں ڈرتا لیکن یہ مجھے اغوا اور قتل کرنا چاہتے ہیں اسی لیے گرفتاری نہیں دے رہا ۔ 

مزیدخبریں