لاہور : آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ عمران خان لوگوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے ہیں ۔ کوئی جتنا مرضی خاص ہو عدالتی احکامات پر ہر صورت عمل کروائیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پولیس مکمل طور پر تیار ہے، مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔ عدالتی حکم پر عمل کروانا ہے۔ یہ کارروائی کم سے کم نقصان میں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا اور آگ لگائی گئی ہے۔
انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں کہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ نہ بنیں۔ بچوں کو خود بھی سوچنا چاہیے کہ وہ قانونی کارروائی میں رکاوٹ بن رہے ہیں تو ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ زمان پارک سے فاصلے پرموجود ہیں نفری تبدیل کررہےہیں ۔ پولیس پر حملہ کرنے سے قانون کی حکمرانی ختم نہیں ہوسکتی ۔ پولیس پر حملے کرکے لوگوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیاجارہاہے ۔ ڈی آئی جی سمیت 27اہلکار زخمی ہوئےہیں ۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈی آئی جی کے ساتھ 300سےزائد نفری زمان پارک پہنچی۔ اینٹی رائٹ فورس کےعلاوہ دیگر کوئی نفری زمان پارک نہیں بھیجی۔سڑکیں بلاک کرنےاور حملہ کرنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی ۔ پولیس کام جاری رکھے گی چاہتےہیں کوئی جانی نقصان نہ ہو ۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام فورس آن بورڈ ہےعدالتی احکامات پر عملدرآمد تو کراناہے۔ پنجاب پولیس نے عدالتی احکامات پر معاونت کی ۔ اسلام آباد سے ڈی آئی جی کی سربراہی میں ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر آئی ۔ ہم نے ایک بھی مسلح اہلکار زمان پارک نہیں بھیجا تھا ۔