اسلام آباد :نور خان ائربیس پر پاکستان کی جانب سے یوکرین کیلئے انسانی امداد کی حوالگی کی تقریب ہوئی جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران کے علاوہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
وزیر خارجہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی کھیپ، یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک کے حوالے کی،پاکستان کی جانب سے یوکرین کیلئے روانہ کیے گئے امدادی سامان میں ادویات، خوراک، کمبل، اور بنیادی انسانی ضرورت کی اشیاء شامل ہیں۔
اس امدادی سامان کو دو سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے بھجوایا جا رہا ہے،یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک نے اس مشکل وقت میں امدادی سامان بھجوانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔