کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل 

05:47 PM, 15 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ میچ کے آخری دن پاکستان کو فتح کے لیے 314 رنز اور آسٹریلیا کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔ 

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنالیے ہیں۔ بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امام الحق اور اظہر علی تھے جو ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔ 

پاکستان اپنی دوسری اننگز میں بھی شروع میں مشکلات کا شکار رہا  اور اس کے 21 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے تاہم اس کے بعد بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے پاکستانی اننگز کو سنبھالا اور ناقابل شکست 171 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ہے۔ 

قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 97 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی اور پاکستان کو فتح کے لیے 506 رنز کا ہدف دیا تھا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ 

مزیدخبریں