لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیاسی حالات میں کشیدگی کم نہ ہونے کی صورت میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز لاہور منتقل کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے جس کا پہلا میچ 29 مارچ کو ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کرکٹ ٹیم 24 سال کے بعد پاکستان کے دورے پر ہے جس نے پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا اور اب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تیسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے میں مصروف ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں ہونا ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد سے ملکی سیاست میں خاصی گرما گرمی ہے۔ دونوں فریقین کی جانب سے سیاسی روابط میں تیزی کیساتھ ساتھ اپوزیشن نے 23 مارچ کو لانگ مارچ جبکہ حکومت نے 27 مارچ کو ڈی چوک میں جلسے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق اگر سیاسی صورتحال ایسی ہی رہی تو پھر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول ون ڈے سیریز کو لاہور منتقل کر دیا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 29 مارچ سے شروع ہو گا جس کا دوسرا میچ 31 مارچ اور تیسرا میچ 2 اپریل کو ہو گا جبکہ واحد ٹی 20 میچ پہلے سے ہی لاہور میں شیڈول ہے۔