کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے اداکارہ نادیہ خان کیخلاف شرمیلا فاروقی کی والدہ کا مذاق اڑانے کی شکایت پر کارروائی اور الزامات ثابت نہ ہونے پر اداکارہ کو باعزت بری کر دیا ہے۔ْ
ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق نجی شادی کی تقریب میں اداکارہ نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ کیساتھ بنائی گئی ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاہم ویڈیو میں کہیں ہتک عزت کا پہلو نظر نہیں آیا جس پر شرمیلا فاروقی کی شکایت کے مطابق اداکارہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کہا کہ کسی کی ویڈیو اور تصویر بنانا اور اسے وائرل کرنا جرم نہیں، جرم اس صورت میں ہوگا جب ویڈیو یا تصویر سے وہ شخص ہراساں ہوا ہو۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں ایک تقریب کے دوران اداکارہ ومیزبان نادیہ خان نے پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ اور جیولری اور ڈریسنگ کے حوالے سے سوالات کیے تھے تاہم پی پی رہنما نے اس ویڈیو پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے نادیہ خان کے ویڈیو میں انداز کو طنزیہ اور والدہ کیلئے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اداکارہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا تھا۔
شرمیلا فاروقی کی درخواست کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے نادیہ خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔