بھارتی سپر سونک میزائل کا پاکستان میں گرنا حادثے کے سوا کچھ نہیں:امریکہ

09:50 AM, 15 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے معاملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ   یہ واقعہ ایک حادثے کے علاوہ کچھ  تھا، جیسا کہ بھارتی حکام نے بھی کہا کہ یہ واقعہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا اور یہ ایک حادثے کے سوا کچھ نہیں تھا،اس سے زیادہ واقعے پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہاہے  کہ بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کو  تکنیکی غلطی کے باعث  پیش آنے والا حادثہ قرار دیا ، میزائل گرنے کے معاملے پر اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کوئی اشارہ نہیں ہے جس سے یہ ظاہر ہو  کہ غیر مسلح  بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا حادثہ نہیں تھا۔ان  کا کہناتھا کہ  بھارت میں یورینیم چوری کے سلسلے میں ہونیوالی گرفتاریوں کا علم نہیں ہے۔

واضح رہے چند روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابرافتخار نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے  بتایا تھا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے ایک ’فلائنگ آبجیکٹ‘ پاکستانی حدود میں میاں چنوں کے مقام پر گرا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ یہ ’فلائنگ آبجیکٹ‘ ایک سوپر سانک پراجیکٹ تھا جو ممکنہ طور پر میزائل تھا اور غیر مسلح تھا ، یہ آبجیکٹ بھارت میں سو کلو میٹر اندر تھا، تبھی ہم نے اسے نوٹس کرلیا۔

دوسری جانب بھارت کی وزارت دفاع نے بھی پاکستانی حدود میں میزائل گرنے کو تکنیکی غلطی قرار دیا تھا، ترجمان راج ناتھ سنگھ نے فنی خرابی کے باعث پاکستان میں میزائل گرنے پر اظہارِ افسوس کیا۔

مزیدخبریں