راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کا دورہ کیا اور ایس ایچ 15 آرٹلری گنز کور آف آرٹلری میں شمولیت کی تقریب میں شرکت کی جبکہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کا دورہ بھی کیا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لاہور میں ایس ایچ 15 آرٹلری گنز کور آف آرٹلری میں شمولیت کی تقریب میں شریک ہوئے اور جدید ترین ویپن سسٹم کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جدید آرٹلری گنز دور تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس سسٹم کی شمولیت سے ناصرف مستقبل کی جنگ میں چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان آرمی کی آپریشنل صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہو گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کا دورہ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد ملک نے ان کا استقبال کیا جبکہ آرمی چیف نے طلباءاور اساتذہ سے بھی گفتگو کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان باصلاحیت نوجوان افرادی قوت کی دولت سے مالا مال ہے جبکہ انسانی وسائل، جدت اور ٹیکنالوجی ترقی کیلئے انتہائی اہم یں، غلط اطلاعات اور پروپیگنڈا سے قومی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے، ایسی سازشوں کی نشاندہی کر کے مشترکہ ردعمل دینا چاہئے۔
آرمی چیف کی ایس ایچ 15 آرٹلری گنز کور آف آرٹلری میں شمولیت کی تقریب میں شرکت
09:33 AM, 15 Mar, 2022