قومی ویمن فٹ بال چیمپین شپ میں شریک ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

11:59 PM, 15 Mar, 2021

کراچی: شہر قائد میں جاری قومی ویمن فٹ بال چیمپین شپ میں شریک ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق 13 ویں قومی ویمن فٹ بال چیمپین شپ کے مقابلے کراچی میں جاری ہیں اور اس ایونٹ میں 19 ٹیموں کی 400 سے زائد فٹ بالرز شریک ہیں۔ پی ایف ایف کے مطابق ایونٹ میں شریک کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور کلب کی جانب سے پی ایف ایف کو اس بات کی باضابطہ اطلاع کردی گئی ہے۔
پی ایف ایف ترجمان نے بتایا کہ کراچی یونائیٹڈ گروپ بی میں شامل تھی اور فیڈریشن نے ٹیم اور اس سے براہ راست مقابلہ کرنے والی اور ان ٹیموں سے مقابلہ کرنے والی ٹیموں کو مکمل سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ ٹیسٹ کے نتائج آنے تک گروپ بی کے میچز معطل رہیں گے جبکہ پی ایف ایف ٹیموں کو ٹیسٹنگ کرانے کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔
کراچی یونائیٹڈ نے چیمپین شپ میں ایچ ای سی اور کراچی ویمن ایف سی سے مقابلہ کیا جبکہ کراچی ویمن ایف سی نے سیالکوٹ سے مقابلہ کیا، پی ایف ایف نے ان چاروں ٹیموں کو ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی ہے۔ قومی ویمن فٹ بال چیمپین شپ میں منگل کو گروپ بی کے میچز میں کراچی یونائیٹڈ کو ماشا یونائیٹڈ اور کراچی ویمن ایف سی کو ایچ ای سی سے میچ کھیلنا تھا تاہم یہ میچز اب نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں