نجی یونیورسٹی میں لڑکی کا لڑکے کو کھلے عام پروپوز کرنے پر تنقید، لڑکے نے بالآخر بیان جاری کر دیا، لڑکی کے بارے میں کیا کہا؟

نجی یونیورسٹی میں لڑکی کا لڑکے کو کھلے عام پروپوز کرنے پر تنقید، لڑکے نے بالآخر بیان جاری کر دیا، لڑکی کے بارے میں کیا کہا؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نجی یونیورسٹی میں لڑکی کی لڑکے کو کھلے عام پروپوز کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آنے والے لڑکے شہریار نے لڑکی کی حمایت میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معصوم ہے اور سارا قصور میرا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نوجوان نے اپنے بیان میں ناقدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی معصوم ہے لہٰذا اس کی تصاویر یوں سوشل میڈیا پر وائرل نہ کی جائیں۔ شہریار نے سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ جاری کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ہے۔ شہریار نے پروپوز کرنے والی لڑکی کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے میں لڑکی کی کوئی غلطی نہیں ہے، تمام تر غلطی میری ہے جس کیلئے میں معذرت خواہ بھی ہوں۔


شہریار نے کہا کہ لڑکی نہایت شریف اور عزت دار ہے لہٰذا اس کے بارے میں بدکردار ہونے کے حوالے سے بات نہ کی جائے، لڑکی نے صرف سب کے سامنے اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کیا تھا لیکن اس کے بعد کی غلطی میری ہے، اگر اس معاملے میں کوئی قصور وار ہے تو وہ میں ہوں، کوئی بدکردار ہے تو وہ میں ہوں اور میں یہ سب کچھ ہمدردی حاصل کرنے کیلئے نہیں کہہ رہا بلکہ صرف یہ بتانے کیلئے کہہ رہا ہوں کہ لڑکی معصوم ہے۔ 
شہریار نے کہا کہ معاملے میں لڑکی کو بدکردار کہنے والے اس کیلئے دعا کریں ناکہ تصاویر وائرل کریں اور پراپیگنڈہ بنائیں، ’میں جانتا ہوں کہ یوٹیوبرز اس کے خلاف ویڈیوز بنائیں گے اور ہمارے بارے میں بات کریں گے ، میں ان سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ مہربانی کر کے ایسا مت کیجیے گا۔‘
شہریار نے لکھا کہ ’لڑکی کے کردار کے بارے میں کوئی بات نہ کریں کیونکہ اس سے ناصرف اسے بلکہ اس کے اہل خانہ کو اذیت پہنچے گی ، وہ پہلے ہی پریشان ہیں اور اپنی بیٹی کے بارے میں فکر مند ہیں، برائے مہربانی مجھے معاف کر دیں کیونکہ ساری غلطی میری ہے ، اگر آپ اس معاملے میں مثبت کردارا دا کریں گے تومیں آپ کا شکر گزار ہوں گا ،شکریہ۔‘