اسلام آباد: وفاقی وزراءنے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل پر جوتے اور سیاہی پھینکنے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزراءشفقت محمود، شبلی فراز اور فواد چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز گل پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شفقت محمود نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تشدد کرنے کی روایت ماضی میں بھی قائم رکھی ہوئی تھی، معاملات (ن) لیگ کی مرضی کے مطابق ہوں تو ٹھیک، ورنہ حملہ کرتے ہیں، ماضی میں سپریم کورٹ پر بھی انہوں نے حملہ کیا تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان جب اعتماد کا ووٹ لے رہے تھے تو ان کے لیڈر آئے تاکہ جھگڑا ہو، یہ چاہتے تھے کہ لڑائی ہو اور تماشا لگے، اگر ایسے ہی چلتا رہا تو سیاست تشدد کی نذر ہوجائے گی، (ن) لیگ کو دیکھنا چاہیے کہ وہ سیاست کو کس طرف لے کر جارہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے اندر مایوسی ہے جو نظر آ رہی ہے، تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جس نے اپنے ارکان کے خلاف ایکشن لیا۔