حکومت کا یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا نیا ایم ڈی تعینات کرنے کا فیصلہ

حکومت کا یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا نیا ایم ڈی تعینات کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے موجودہ ایم ڈی عمر لودھی کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرتے ہوئے نیا ایم ڈی تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کے موجودہ ایم ڈی کی 2 سالہ مدت رواں سال مئی میں پوری ہو جائے گی اور وفاقی حکومت نے ان کی مدت ملامت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا ایم ڈی تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نئے ایم ڈی کی تعیناتی کا باقاعدہ عمل شروع ہوگا اور اس مقصد کیلئے 30 مارچ تک درخواستیں طلب کر لی گئیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے ایم ڈی کی تعیناتی مسابقتی عمل کے ذریعے کی جائے گی ، ایم ڈی کیلئے عمر کی بالائی حد کی شرط 62 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ تعلیمی قابلیت کیلئے مینجمنٹ یا بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ڈگری کی شرط مقرر کی گئی ہے۔ ریٹیل، ڈسٹری بیوشن، سپلائی چین میں بطور سینئر لیڈر 10 تا 15 سال تجربے کی شرط مقرر کی گئی ہے، نئے ایم ڈی کی تعیناتی 3 سال کیلئے کی جائے گی جبکہ مدت ملازمت میں توسیع بھی ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے عمر لودھی کو مئی 2019ءمیں ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن تعینات کیا گیا تھا اور انہیں دو سال کیلئے یہ عہدہ دیا گیا تھا، اگرچہ حکومت کے پاس ان کی مدت ملازمت میں توسیع کا آپشن موجود ہے تاہم ان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نیا ایم ڈی تعینات کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔